حیدرآباد ، کراچی سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا

بدھ 10 ستمبر 2025 16:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)ایم نائن پر پانی آنے کی وجہ بند ہونے والی حیدر آباد، کراچی سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔کراچی میں شدید بارشوں کے باعث تھڈو ڈیم اوور فلو کر گیا تھا، سپر ہائی وے پر واقع نجی ریسٹورینٹ کے اطراف سڑک زیر آب آ گئی تھی، جسکی وجہ سے کراچی سے حیدرآباد اور حیدرآباد سے کراچی دونوں اطراف کی ٹریفک مکمل طور پر بند کر دی گئی تھی۔

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے بھی تصدیق کی تھی کہ پانی کی سطح بلند ہو کر موٹروے کے کنارے سے ٹکرا چکی ہے، اور سپر ہائی وے کا بڑا حصہ زیر آب آ گیا ہے۔ اس کے پیشِ نظر ایم 9 کے درمیان موجود کرش بیرئیر کو ہٹا کر پانی کے بہائو کا راستہ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔تاہم اب ٹریفک پولیس نے کہاہے کہ حیدر آباد، کراچی سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، ایم نائن پر پانی کی سطح کم ہونے پر ٹریفک کھولا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ٹریفک پولیس حکام کے مطابق ہیوی گاڑیاں رات بھر ایم نائن کی سڑکوں پر کھڑی رہیں، ایم نائن پر ٹریفک کھلنے کے بعد شدید ترین دبائو دیکھاگیا۔دوسری طرف سہراب گوٹھ حسن نعمان کالونی زیر آب آنے سے لوگ گھروں میں محصور ہوگئے، ایدھی بحری خدمات کی ٹیم نے حسن نعمان کالونی میں لوگوں کو ریسکیو کیا گیا ہے، پانی میں گھرے لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔سہراب گوٹھ کے قریب شفیق کالونی میں بھی پانی بھر گیا ہے، شیر شاہ سوری روڈ مختلف مقامات پر بند ہو گئی، ملیر ندی بپھر نے سے فصلیں تباہ ہو گئیں۔