Live Updates

پاکستان کا معاشی حب اب شدید خطرے سے دوچار ہے ،کراچی کی ساحلی پٹی دھنسنے لگی، عمارتیں گرنے کا خطرہ

بدھ 10 ستمبر 2025 16:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)پاکستان کا معاشی حب اب شدید خطرے سے دوچار ہے اس کی ساحلی پٹی دھنستی جا رہی ہے، بین الاقوامی تحقیق کے مطابق 2014 سے 2020 کے درمیانی عرصے میں لانڈھی اور ملیر کی زمین15.7سینٹی میٹر تک دھنسی ہے۔اس حوالے سے ڈائریکٹر کلائمیٹ ایکشن سینٹر یاسر حسین نے بتایا کہ کیماڑی سے اسٹیل ٹائون تک کی ساحلی پٹی مسلسل دھنستی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک طرف سمندر چڑھ رہا ہے تو دوسری جانب زمین دھنس رہی ہے یعنی یہ ایک پیالہ نما بنتا جارہا ہے۔ اور اگر خدانخواستہ ہلکی پھلکی سی بھی سونامی کی صورتحال پیدا ہوئی تو اس کے اندر پانی بھر جائے گا۔یاسر حسین نے بتایا کہ حکومتی سطح پر یہاں جتنے بھی تعمیراتی کام ہورہے ہیں وہ ماسٹر پلان کے تحت نہیں ہورہے، جب آپ کنکریٹ کا شہر بنا دیتے ہیں تو پانی زمین میں جانے کے بجائے گٹر میں جاتا ہے پھر نالے سے ہوکر سمندر میں جاگرتا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق یہ زمین دھنسنے کی یہ رفتار چین کے شہر تیانجن کے بعد تیسرے نمبر پر ریکارڈ ہوئی جس کے بعد کراچی کی ساحلی پٹی پر قائم عمارتوں کے زمیں بوس ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ماہرین کے مطابق زیر زمین پانی کا بے تحاشہ استعمال، بیجا تعمیرات اور ساحلی زمینوں کے غیر ضروری استعمال ہونے سے آئندہ چند برسوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

آبی ماہرین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بورنگ کروانے پر فوری پابندی عائد کی جائے اور عوام کو متبادل ذرائع سے پانی کی فراہمی کی جائے۔بظاہر تو معمولی نظر آنے والا یہ عمل آئندہ چند برسوں میں شہر کراچی کیلیے شدید ماحولیاتی تباہی کا سبب بن سکتا ہے، اور اگر اب بھی ارباب اختیار نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو یہ شہر خدانخواستہ نقشے پر ہی باقی رہ جائے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات