پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں قائم ورچوئل بلڈ بینک کی ایک اور بڑی کامیابی

بدھ 10 ستمبر 2025 17:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں قائم ورچوئل بلڈ بینک کی ایک اور بڑی کامیابی، ایبٹ آباد اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے 2 خاندانوں کو لاہور میں فوری خون کی فراہمی یقینی بنائی گئی ۔ ترجمان سیف سٹیز کے مطابق شوکت خانم ہسپتال میں زیرعلاج 9سالہ افغان بچے کو O+خون کی فوری ضرورت تھی، ورچوئل بلڈ بینک کی بروقت کارروائی سے کینسر سے لڑتے ننھے مریض کی جان بچا لی گئی۔

(جاری ہے)

ایبٹ آباد سے لاہور آئی بچی کیلئے جگر ٹرانسپلانٹ سے قبل خون کی فراہمی یقینی بنائی گئی، سیف سٹی ورچوئل بلڈ بینک نے بلڈ بینک ڈیٹا بیس سے فوری مطلوبہ بلڈ گروپ ڈونرز کو تلاش کیا، سیف سٹی ورچوئل بلڈ بینک ٹیم نے دونوں کیسز میں بروقت خون کی فراہمی ممکن بنائی، بروقت خون کی فراہمی سے دونوں کیسز میں مریضوں کی جان بچ گئی۔ والدین نے سیف سٹی کی فوری کارروائی اور تعاون پر دلی شکریہ ادا کیا اور دعائیں دیں۔ ترجمان سیف سٹیز نے کہا کہ میڈیکل ایمرجنسی میں فوری خون کی فراہمی کے لیے 15 پر کال کریں اور 4دبائیں، سیف سٹی ورچوئل بلڈ بینک میڈیکل ایمرجنسی میں 24/7مدد فراہم کر رہا ہے۔