لائیو سٹاک پولٹری اینڈ فشریز ایکسپو انتہائی اہمیت کی حامل ،سرمایہ کاری کے بہترین مواقع میسر ہونگے،فضل حکیم خان یوسفزئی

بدھ 10 ستمبر 2025 19:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)خیبرپختونخوا کے وزیر لائیو سٹاک ، فیشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی کی صدارت میں پشاور میں منعقد ہونے والی تیسری انٹرنیشنل لائیو سٹاک، پولٹری اینڈ فشریز ایکسپو 2025 کی تیاریوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس بدھ کے روزپشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی و ڈیڈک چئیرمن سوات اختر خان ایڈووکیٹ، سیکرٹری لائیو سٹاک ، فیشریز و کوآپریٹیو طاہر اورکزئی، ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک توسیع ڈاکٹر اصل خان، ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک ریسرچ اعجاز علی ، ڈائریکٹر فشریز الیاس خٹک ، لائیو سٹاک کوآپریٹیو سوسائٹی خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر آصف اعوان ، صوبائی پولٹری ایسوسی ایشن کے صدر راج ولی و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تیسری انٹرنیشنل لائیو سٹاک، پولٹری اینڈ فشریز ایکسپو 2025 کے لئے انتظامات و تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔تیسری انٹرنیشنل لائیو سٹاک، پولٹری اینڈ فشریز ایکسپو 2025 کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایکسپو کیلئے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ ایکسپو کا افتتاح وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کریں گے۔ جبکہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر لائیو سٹاک ، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی ہوں گے۔

اجلاس میں شرکاء کو ایکسپو کے انتظامات اور اہمیت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔صوبائی وزیر لائیو سٹاک فیشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ یہ ایکسپو لائیو سٹاک سیکٹر کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ شعبہ لائیو سٹاک میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ ایکسپو کا انعقاد حکومت اور لائیو سٹاک سیکٹر کا مشترکہ اقدام ہے۔اس میں افغانستان، ایران، چائنہ اور دیگر ممالک کے کاروباری حضرات سمیت جدید ٹیکنالوجی سے لیس کمپنیاں اورہزاروں کی تعداد میںکسان بھی شریک ہوں گے۔ علاوہ ازیںکابینہ ، صوبائی اسمبلی کے اراکین اور محکموں کے اعلیٰ عہدیداران و سربراہان بھی ایکسپو میں شرکت کریں گے۔