Live Updates

سیپکو ملازمین کاواپڈا کی نجکاری،مہنگائی اور ملازمین کے دیرینہ مسائل کے خلاف سرکل دفتر تا سکھر پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی

بدھ 10 ستمبر 2025 19:55

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے ) سیپکو سکھر ریجن کی جانب سے سیپکو ملازمین کی بڑی تعداد نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں(واپڈا ) کی نجکاری،مہنگائی اور ملازمین کے دیرینہ مسائل کے خلاف سرکل دفتر تا سکھر پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی اور احتجاجی دھرنا دیا دھرنا جلسے کی شکل اختیار کر گیا شرکاء کی جانب سے مطالبات کے حصول کیلئے شدید نعرے بازی کی ریلی، مظاہرے، دھرنے کی قیادت آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے ) سیپکو سکھر ریجن کے رہنماؤں خلیل احمد ڈومکی، شجاعت حسین گھمرو،مقصود احمد ملاح،شمس الدین انڈھڑ، خادم، نظر محمد میمن، عقیل احمد دایو، عبد المالک سومرو، اشفاق احمد مہر، عبد الخالق ساوند اور جاوید احمد عباسی سمیت دیگر عہدیداران کررہے تھے ، مظاہرین نے دھرنا دے کر حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ واپڈا کمپنیوں کی نجکاری کا فیصلہ فی الفور واپس لیا جائے، ورنہ ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی مذکورہ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ واپڈا کمپنیوں کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں م حکومت ملازمین کو جبری طور پر نوکریوں سے برطرف کرنے، ان کے بچوں کو روزگار نہ دینے اور تنخواہوں میں غیر منصفانہ فرق کو ختم کرنے کے بجائے مزید مسائل پیدا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کی بھرتیاں فوری طور پر بحال کی جائیں، پیپکو احکامات کے تحت پینل اسپتال سے فوری معاہدہ کیا جائے، جبکہ لائن اسٹاف کو حادثات سے محفوظ رکھنے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔رہنماؤں نے زور دیا کہ فیلڈ اسٹاف کو گاڑیاں، بکیٹ، ٹی اینڈ پی اور پی پی ای فراہم کی جائے، میٹر ریڈرز کو سنیپ الاؤنس اور اپ گریڈیشن دی جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو ’’دمادم مست قلندر‘‘ ہوگا۔انہوں نے مزید اعلان کیا کہ 17 ستمبر کو اسلام آباد ڈی چوک پر ملک گیر احتجاج کیا جائے گا اور جب تک حکومت نوٹیفکیشن کے ذریعے نجکاری کا فیصلہ واپس نہیں لیتی، اس وقت تک احتجاجی مظاہرے اور دھرنوں کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا جس کی تما م تر ذمہ داری متعلقہ ادارے اور حکومت پر عائد ہو گی ۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات