فیصل آباد شہر کی تزئین و آرائش کا بڑا منصوبہ جلد شروع کیا جا رہا ہے، کمشنر فیصل آباد

بدھ 10 ستمبر 2025 20:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت فیصل آباد شہر کی تزئین و آرائش کا بڑا منصوبہ جلد شروع کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کے تحت گھنٹہ گھر اور اس سے ملحقہ 8 تاریخی بازاروں کو جدید تقاضوں کے مطابق خوبصورت بنانے کے لئے ایک میگا پراجیکٹ رواں ماہ کے آخر میں شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عامر رضا کے علاوہ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے سی ای او، سوئی گیس اور واسا کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے گھنٹہ گھر کی بیوٹیفیکیشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

کمشنر راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ شہر کے تمام پارکس، چوک اور گرین بیلٹس کو بہتر بنانے کے لئے جامع منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔ گھنٹہ گھر کے 8 بازاروں کی مرحلہ وار تزئین و آرائش کی جائے گی جبکہ بجلی، گیس اور واسا کی تمام سہولیات انڈر گراؤنڈ کر دی جائیں گی تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ گھنٹہ گھر ایک تاریخی ورثہ ہے جس کے تحفظ اور خوبصورتی کے لئے ممکنہ وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ گھنٹہ گھر اور اس سے ملحقہ بازار فیصل آباد کی پہچان ہیں،ان کی خوبصورتی سے نہ صرف شہر کی شناخت بحال ہوگی بلکہ سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔