مقبوضہ کشمیر :محبوبہ مفتی کا گرفتار کشمیری مظاہرین اور معراج ملک کی رہائی کا مطالبہ

بدھ 10 ستمبر 2025 21:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی زیرقیادت انتظامیہ سےاحتجاجی مظاہروں اور ڈوڈہ سے گرفتار کئے گئے شہریوں اور رکن اسمبلی معراج ملک کی رہائی کا مطالبہ کیاہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے سرینگر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک منتخب نمائندے کے خلاف کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کا استعمال بلاجواز اور غیر جمہوری ہے۔

انہوں نے کہاکہ عوامی نمائندے کی کالے قانون کے تحت گرفتاری غیر جمہوری اقدام ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ معراج ملک کی گرفتاری کا مقصد لوگوں کی توجہ درگاہ حضرت بل کے واقعے سے ہٹانا ہے۔

(جاری ہے)

محبوبہ مفتی نے خبردار کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں لوگوں کی آواز دبانے کے خطرناک نتائج نکلیں گے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو سری لنکا، بنگلہ دیش اور نیپال میں ہونے والے واقعات سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ بھارتی پولیس نے سرینگر میں درگاہ حضرت بل میں اشوکا کا نشان والی تختی کی تنصیب کے خلاف کشمیریوں نے شدید غم وغصے کا اظہار کیاتھا اور مقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیاتھا۔گزشتہ جمعہ کو ہونے والے مظاہروں کے دوران پولیس نے درجنوں کشمیریوں کو گرفتار کرلیاتھا۔جن پر کالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کردیاگیا ہے۔ پیر کوقابض حکام نے جھوٹے الزامات کے تحت عام آدمی پارٹی مقبوضہ کشمیر سے منتخب ہونے والے ایم ایل اے معراج ملک کو بھی کالے قانون پی ایس اے کے تحت گرفتار کیاتھا۔