Live Updates

آل پاکستان چیف منسٹر بلوچستان گولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2025: آخری فلڈ لائٹس میچ میں کوئٹہ ڈسٹرکٹ نے کوئٹہ ریجن کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی

بدھ 10 ستمبر 2025 21:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) دوسرے آل پاکستان چیف منسٹر بلوچستان گولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2025 کے سلسلے میں کھیلے گئے گروپ کے آخری فلڈ لائٹس میچ میں کوئٹہ ڈسٹرکٹ نے کوئٹہ ریجن کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی، یہ میچ محکمہ کھیل حکومت بلوچستان کے زیراہتمام اور کوئٹہ ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کی نگرانی میں منعقد ہوا۔

میچ میں کوئٹہ ریجن کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 136 رنز بنائے۔ بیٹنگ لائن میں وقار نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 37 رنز، نصر اللہ نے 29 اور عبدالمنان نے 25 رنز اسکور کیے۔ کوئٹہ ڈسٹرکٹ کی جانب سے ذیشان اور محمد عمر نے 3،3 جبکہ عبدالغفار نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ ڈسٹرکٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں مقررہ ہدف حاصل کرلیا۔

(جاری ہے)

جہانگیر شاہ نے 37 رنز کی جاندار اننگز کھیلی جبکہ عبدالغفار نے 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 16 قیمتی رنز بنائے۔ میچ میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر ٹیم آفیشلز نے جہانگیر شاہ اور عبدالغفار کو 20،20 ہزار روپے کیش انعام سے نوازا۔ شائقین نے بھی کوئٹہ ڈسٹرکٹ کی ٹیم کو فائنل میں رسائی حاصل کرنے پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ ٹورنامنٹ کے سلسلے کے مزید مقابلے بگٹی اسٹیڈیم میں جاری رہیں گے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات