ڑ* پاکستان-کینیڈا تعلقات: کینیڈین پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے قیام کی تجویز

{ نیا پلیٹ فارم دونوں جمہوریتوں کو قریب لائے گا، بیرسٹر دانیال

جمعرات 11 ستمبر 2025 04:55

۷ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2025ء)اطلاعات و نشریات کے پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر دانیال چوہدری نے پارلیمنٹ ہاؤس میں پاکستان-کینیڈا پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کینیڈا میں بھی "کینیڈین پارلیمانی فرینڈشپ گروپ" کے قیام کی تجویز پیش کی۔کنوینر، ایم این اے زہرہ ودود فاطمی کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں پاکستان کے ہائی کمشنر برائے کینیڈا محمد سلیم، تجارت و سرمایہ کاری کونسلر التمش جانجوا، خارجہ امور اور تجارت کی وزارتوں کے سینئر حکام اور پارلیمانی نمائندگان شریک ہوئے۔

بیرسٹر دانیال چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ اقدام دونوں جمہوریتوں کے مابین ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گا جو سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستانی نڑاد کمیونٹی کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں پاکستانی طلبائ کے لیے سہولتی ڈیسک کا قیام، کھیل اور تعلیمی تبادلوں کو فروغ دینا، آئی ٹی شعبے میں تعاون بڑھانا، اور صحت کے میدان میں مشترکہ تحقیق و ترقی جیسے اقدامات دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت فراہم کریں گے۔

پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے اس تجویز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف تجارتی چیلنجز کے حل میں مددگار ہوگا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل (امریکاز) محترمہ عاطیہ اقبال اور ڈپٹی سیکرٹری (امریکاز) تاج محمد نے دوطرفہ تعاون کے موجودہ میکنزم پر بریفنگ دی اور تجویز کردہ گروپ کے قیام کی بھرپور حمایت کی۔اجلاس کے اختتام پر شرکائ نے پارلیمانی تبادلوں، تجارتی اقدامات، اور تعلیم، ٹیکنالوجی و صحت کے شعبوں میں نئے تعاون کے امکانات پر ایک جامع ایکشن پلان ترتیب دینے پر اتفاق کیا۔