بلوچستان فوڈ اتھارٹی کاملاوٹی دودھ کیخلاف خصوصی ملک ٹیسٹنگ مہم کا آغاز ،200لیٹرملاوٹی دودھ ضائع

جمعرات 11 ستمبر 2025 14:06

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے)نے ملاوٹی دودھ کے خلاف خصوصی ملک ٹیسٹنگ مہم کا آغاز کردیا ہے جو 10 سے 25 ستمبر تک جاری رہے گی۔ اس حوالے سے ڈی جی بی ایف اے وقار خورشید عالم نے کہا ہے کہ عوام کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے اور دودھ کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔مہم کے پہلے روز سریاب، مشرقی بائی پاس، پشتون آباد، فقیر محمد روڈ، جان محمد روڈ اور کواری روڈ پر قائم ڈیری فارمز اور ملک شاپس کا معائنہ کیا گیا۔

اس دوران 44 مراکز اور ڈیری فارمز کے مجموعی طور پر 8180 لیٹر دودھ کی جانچ موبائل لیبارٹریز کے ذریعے موقع پر ہی کی گئی۔بی ایف اے کے مطابق پہلے دن کی کارروائی میں 200 لیٹر ملاوٹی دودھ، 200 کلو غیر صحت بخش دہی اور خشک پاڈر کی بھاری مقدار تلف کردی گئی۔

(جاری ہے)

ملاوٹ ثابت ہونے پر 5 دکانیں سیل جبکہ 9 مراکز کے مالکان پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ جرمانہ کردہ مراکز سے حاصل کیے گئے دودھ اور دہی کے نمونوں میں خشک پاڈر اور پانی کی بھاری مقدار کی ملاوٹ ثابت ہوئی۔

ڈی جی بی ایف اے وقار خورشید عالم نے کہا کہ ملاوٹ مافیا کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر یہ مہم کامیاب نہیں ہوسکتی، اس لیے ہر شہری کو چاہیے کہ اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہم کے دوران عوام الناس دودھ کے نمونے بالکل مفت چیک کروا سکتے ہیں۔