چاہت فتح علی خان کو برطانیہ میں انڈے پڑ گئے

وہ ایک تقریب میں شرکت کیلئے پہنچے تھے کہ وہاں ان کے ساتھ یہ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 11 ستمبر 2025 16:08

چاہت فتح علی خان کو برطانیہ میں انڈے پڑ گئے
لندن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 ستمبر2025ء ) مزاحیہ گلوکار کی وجہ سے سوشل میڈیا پر مقبول چاہت فتح علی خان کو برطانیہ میں انڈے پڑگئے۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چاہت فتح علی خان ایک جگہ پر کھڑے اپنے مداحوں کے ساتھ تاویر بنوارہے ہیں کہ اس دوران وہاں پر ایک شخص پہنچتا ہے جس نے ان پر انڈوں سے حملہ کردیا، ویڈیو میں انڈے ان کے سر کے ساتھ ٹکراتے دکھائی دیئے جس پر چاہت فتح علی خان یوں اچانک حملے پر چونک گئے اور اگلے ہی لمحے انہوں نے اپنے سر پر ہاتھ پھیرنا شروع کردیا۔

بتایا گیا ہے کہ چاہت فتح علی خان ایک تقریب میں شرکت کیلئے پہنچے تھے کہ وہاں ان کے ساتھ یہ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔
 
یاد رہے کہ اپنی بے سری اور بے ڈھنگی گلوکاری سے شہرت پانے والے پاکستانی سوشل میڈیا سینسیشن چاہت فتح علی خان مزاحیہ گانوں کی وجہ سے سرخیوں اور موضوع بحث رہتے ہیں، چاہت فتح علی خان کا اصل نام رانا کاشف ہے اور وہ پنجاب سے تعلق رکھتے ہیں، 2024ء میں ان کے مشہور گانے بدو بدی نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے تھے، یہ گانا 1 ہفتے میں 27 ملین ویوز حاصل کرچکا تھا لیکن بعد ازاں کاپی رائٹ کے مسائل کی وجہ سے معروف سٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے ان کے اس گانے کو ہٹا دیا تھا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا تھا کہ یوٹیوب نے کاپی رائٹس کی وجہ سے چاہت فتح علی خان کا گانا ’بدوبدی‘ ڈیلیٹ کیا گیا یعنی یوٹیوب نے چاہت فتح علی خان کے گانے ’بدو بدی‘ کو غیر قانونی طور پر گانے اور یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کرنے کی وجہ سے ہٹایا گیا کیوں کہ اصل میں معروف پنجابی گانا ’اکھ لڑی بدو بدی‘ ملکہ ترنم نور جہاں کی ملکیت ہے جنہوں نے 1973ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’بنارسی ٹھگ‘ کے لیے گانا ’اکھ لڑی بد وبدی‘ گایا تھا، تاہم چاہت فتح علی خان نے بغیر اجازت اس گانے کو گایا اور یوٹیوب پر اپلوڈ کردیا تھا۔