سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا میجر راجہ عزیز بھٹی شہید (نشان حیدر) کو خراج عقیدت

جمعرات 11 ستمبر 2025 16:58

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا میجر راجہ عزیز بھٹی شہید (نشان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی ہیرو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید (نشان حیدر) کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بے مثال جرات اور لازوال قربانی ہمیشہ قوم کے لیے مشعل راہ رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید (نشان حیدر ) کی برسی کے موقع پر کیا ۔

انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں میجر عزیز بھٹی شہید مادر وطن کے دفاع میں ایک مضبوط ڈھال بن کر کھڑے ہوئے اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے ایسی لازوال مثال قائم کی جو تاریخ کے اوراق میں ثبت رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نشان حیدر کا اعزاز ان کی بے مثال بہادری اور لگن کا شاندار اعتراف ہے جو کہ پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی نے یاد دلایا کہ لاہور کے قریب برکی سیکٹر میں میجر عزیز بھٹی شہید 12 ستمبر 1965ء کو جام شہادت نوش کرنے سے قبل دشمن کے خلاف پانچ دن اور راتوں تک بہادری سے لڑے۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں اس سبق کی تصدیق کرتی ہیں کہ مادر وطن کی عزت، وقار اور خودمختاری سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ہوتی۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کے جوانوں نے پوری تاریخ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وطن کا دفاع کیا ہے اور پوری قوم کو ان کی بہادری اور استقامت پر فخر ہے۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے بھی اپنے پیغام میں میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مادر وطن کی حفاظت میں انہوں نے آخری سانس تک جو ناقابل فراموش کردار ادا کیا وہ پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے پاکستان قوم کے حقیقی ہیرو ہیں جن کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔