گوجرانوالہ ،جدید طرز کی یہ الیکٹرک بسیں نہ صرف شہریوں کو آرام دہ، کم خرچ اور بروقت سفری سہولت فراہم کریں گی،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ

جمعرات 11 ستمبر 2025 17:58

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) گوجرانوالہ میں ماحولیاتی بہتری اور عوامی سہولت کے ایک نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کی زیر صدارت کمشنر سید نوید حیدر شیرازی ،آر پی او طیب حفیظ خیمہ ،ڈپٹی کمشنر نوید احمد ،ایم پی ایز عدنان افضل چٹھہ ،وقار احمد چیمہ ،ممبر برائے ایم این اے بلال افضل تارڈ،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن محمد شفیق ،سیکرٹری آر ٹی اے غلام مصطفٰی انصاری اور دیگر اعلیٰ افسران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر میں الیکٹرک بس سروس کے اجرا کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ جدید طرز کی یہ الیکٹرک بسیں نہ صرف شہریوں کو آرام دہ، کم خرچ اور بروقت سفری سہولت فراہم کریں گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں نمایاں کمی بھی لائیں گی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبے کے بڑے شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور گوجرانوالہ میں الیکٹرک بس سروس کا آغاز اس سمت میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ شہری جلد از جلد اس جدید سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ اجلاس میں روٹس کے تعین، چارچنگ اسٹیشنز کے قیام اور دیگر انتظامی پہلوؤں پر بھی تفصیل سے مشاورت کی گئی۔یہ پیش رفت نہ صرف گوجرانوالہ کی ٹرانسپورٹیشن کے نظام میں انقلاب برپا کرے گی بلکہ عوام کو صاف، سستی اور پائیدار سفری سہولت فراہم کرنے میں بھی سنگ میل کی حیثیت رکھے گی۔\378