Live Updates

غیر ملکی سفارتکاروں اور خارجہ مشنز کے نمائندوں کا این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دورہ

جمعرات 11 ستمبر 2025 19:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) غیر ملکی سفارتکاروں اور خارجہ مشنز کے نمائندوں نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں ملک میں حالیہ سیلابی صورتحال اور جاری امدادی کارروائیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دورہ کرنے والوں میں ترکیہ، آسٹریلیا، روس، جرمنی، جاپان، کینیڈا، جنوبی افریقہ، پولینڈ اور آئرلینڈ سمیت 30 ے زائد ممالک کے سفیر شامل تھے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے شرکاء کو متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو اقدامات پر آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ این ڈی ایم اے صوبائی اور علاقائی اداروں کے ساتھ مربوط حکمت عملی اور مشترکہ اقدامات کے تحت امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں آفات سے نمٹنے کے لئے پیشگی تیاریوں، موسمی صورتحال کے تجزیے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

اجلاس میں وزارتِ خارجہ کے نمائندگان نے بھی شرکت کی جبکہ مختلف ممالک میں تعینات پاکستانی سفیر ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ غیر ملکی سفارتکاروں نے این ڈی ایم اے کے بروقت اور مؤثر اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں انسانی جانوں اور ملکی معیشت کے تحفظ کے لئے نہایت اہم قرار دیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات