ٹریکٹرسازی ملک کی زرعی خود کفالت میں اہم کردار ادا کرتی ہے‘ ہارون اخترخان

جمعرات 11 ستمبر 2025 22:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2025ء) وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ ٹریکٹر سازی ملک کی زرعی خود کفالت میں اہم کردار ادا کرتی ہے انہوں نے کہا کہ اس صنعت کے حوالے سے پالیسی کی تیاری میں تمام متعلقہ شراکت داروں سے مشاورت یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں ملت ٹریکٹرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے ملاقات میں کہی جس میں جامع ٹریکٹر پالیسی کی تیاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ریگولیٹری ڈیوٹیز، برآمدات اور ٹریکٹر انڈسٹری کو درپیش مسائل پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت حال ہی میں تیار کی گئی صنعتی پالیسی کے بعد اب ٹریکٹر پالیسی اگلا قدم ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پالیسی سازی کے عمل میں تمام سٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے گا تاکہ پالیسی جامع اور مؤثر ہو۔

ٹر یکٹر انڈسٹری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ یہ کسانوں اور پاکستان کی زرعی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ یہ پالیسی سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اور عالمی معیار کے مطابق تیار کی جائے گی کیونکہ ٹریکٹر انڈسٹری کے مسائل کا پائیدار حل صرف طویل مدتی پالیسی فریم ورک میں مضمر ہے ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستان نئے صنعتی انقلاب کی جانب بڑھ رہا ہے۔... اعجاز خان