۷سریاب مل سینٹر میں قائم واحد میٹرک کے ضمنی امتحانی مرکز میں کرپشن ناقابلِ برداشت،جمعیت علما اسلام کیچی بیگ

جمعرات 11 ستمبر 2025 22:25

% کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2025ء)جمعیت علما اسلام کیچی بیگ کے امیر میر سرفراز شاہوانی ، مولوی جمال الدین ، حافظ ہدایت اللہ ، مولوی نواز، ملک فہیم شاہوانی، محمد عمیر شاہوانی ، ملک نوید شاہوانی ،جمیل احمد، محمد عمران ،حافظ نصیراحمد ،نے میٹرک کے ضمنی امتحانات میں سریاب مل سینٹر میں قائم واحد امتحانی مرکز پر تعینات عملے کی بدعنوانی اور غیر پیشہ ورانہ رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فوری تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔

تنظیم کا موقف ہے کہ یہ عملہ نہ صرف طلبا کے قیمتی وقت کو ضائع کر رہا ہے بلکہ ناجائز مراعات حاصل کر کے ان کے مستقبل سے کھیل رہا ہے۔تنظیم نے ایک بیان میں کہا کہ سریاب ایک ایسا علاقہ ہے جہاں غربت اور بے روزگاری جیسے مسائل پہلے ہی موجود ہیں، اور ایسی صورتحال میں امتحانی مراکز میں شفافیت اور دیانت داری انتہائی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

مسلسل ایک ہی کرپٹ عملے کی تعیناتی انہیں کرپشن میں ماہر بنا رہی ہے، جو غریب اور غیر سفارشی طلبا کے حقوق پر براہ راست ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔

جمیعت علما اسلام مطالبہ کرتی ہے کہ سریاب مل سینٹر میں قائم واحد امتحانی مرکز میں تعینات بدعنوان عملے کو فوری طور پر ہٹایا جائے اور ان کی جگہ نئے، ایماندار اور دیانت دار افراد کو تعینات کیا جائے۔ اگر ہمارے اس مطالبے پر فوری طور پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو ہم طلبا کے حقوق کے تحفظ کے لیے سخت احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ تنظیم نے واضح کیا کہ غریب طلبا کے مستقبل کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس مسئلے کے حل تک آواز اٹھائی جائے گی