سپریم کورٹ، سپر ٹیکس سے متعلق کیس میں ایف بی آر کی وکیل عاصمہ حامد کے دلائل جاری

جمعرات 11 ستمبر 2025 23:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں زیر سماعت سپر ٹیکس سے متعلق کیس میں ایف بی آر کی وکیل عاصمہ حامد کے دلائل جمعرات کو بھی جاری رہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی۔سپریم کورٹ کے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بنچ نے سپر ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت جمعرات کو کی۔

دوران سماعت ایف بی آر کی وکیل عاصمہ حامد عدالت میں پیش ہوئیں۔ جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا سیکشن 12 سے مراد کون سا سیکشن ہے؟ عاصمہ حامد نے جواب دیا کہ اس کیس میں بنیادی طور پر وہی چیلنج کیا گیا ہے۔ جسٹس جمال خان مندوخیل نے استفسار کیا کہ ٹیکس عائد کس طرح کیا جاتا ہے اور اس کا کیا طریقہ کار ہے؟ جسٹس حسن اظہر رضوی نے پوچھا کیا حکومت نے کسی ٹیکس ایکسپرٹ یا چیمبر آف کامرس سے مشاورت کی تھی؟ ممبر ایف پی ار ڈاکٹر اشتیاق نے موقف اختیار کیا کہ تمام چیمبرز سے اس حوالے سے مشاورت ہوتی ہے اور ان سے تجاویز لی جاتی ہیں پھر وزارت خزانہ کو بھیجا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس حسن اظہر رضوی نے سوال کیا کہ کس کی کیا تجویز ہے اس حوالے سے کوئی میٹنگ منٹس بنائے ہیں؟ کیا تجاویز کے منٹس پارلیمنٹ میں جمع کرائے گئے؟ ۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی۔