سعودی عرب کا شام کو 16 لاکھ 50 ہزار بیرل خام تیل فراہم کر نے کا اعلان

جمعہ 12 ستمبر 2025 08:10

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) سعودی عرب شام کو 16 لاکھ 50 ہزار بیرل خام تیل بطور گرانٹ فراہم کرے گا۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔مفاہمتی یادداشت پر سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے چیف ایگزیکٹو سلطان بن عبدالرحمن المرشد اور شام کے وزیر توانائی انجینئر محمد البشیر نے دستخط کئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شام میں سعودی سفیر ڈاکٹر فیصل المجفل اور وزارتِ توانائی کے ایڈوائزر برائے فنی و ریگولیٹری امور برائے پیٹرول و گیس انجینئر ماجد العتیبی بھی موجود تھے۔یہ گرانٹ شام کی ریفائنریوں کے آپریشن کو تقویت دینے، ان کی مالی و آپریشنل پائیداری کو یقینی بنانے، ملکی معیشت کو سہارا دینے اور اہم پیداواری شعبوں کی ترقی کے ساتھ ساتھ معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ اس کے ذریعے قومی و بین الاقوامی سطح پر پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی کوششوں کو بھی تقویت ملے گی۔