گزشتہ مالی سال کے دوران پی ایس ڈی پی کے تحت 98.46 فیصد فنڈزکواستعال میں لایاگیا

جمعہ 12 ستمبر 2025 15:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) گزشتہ مالی سال کے دوران سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام(پی ایس ڈی پی)کے تحت 98.46 فیصد فنڈزکواستعال میں لایاگیا، مالی سال کے دوران کل 1.076 ٹریلین روپے خرچ کیے گئے جبکہ کل منظور شدہ حد 1.093 ٹریلین روپے تھی ۔ وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق پی ایس ڈی پی 2024-25 کے لیے 1.096 ٹریلین روپے مختص کیے گئے تھے، جن میں 870 ارب روپے مقامی وسائل جبکہ 226 ارب روپے غیر ملکی معاونت سے حاصل کرنے تھے۔

اعدادوشمارکے مطابق واٹر ریسورسڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے سب سے زیادہ 194.6 ارب روپے، ہائر ایجوکیشن کمیشن کو 61.6 ارب روپے اور نیشنل ہیلتھ سروسز ڈویژن کو 20.7 ارب کے فنڈز فراہم کئے ۔

(جاری ہے)

کارپوریٹ سیکٹر میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو 161.2 ارب روپے اور پاور ڈویژن کو 97.8 ارب روپےکے فنڈز جاری ہوئے،اخراجات کے رجحانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ بعض اداروں نے اپنے مختص شدہ بجٹ سے بھی زیادہ فنڈز استعمال کیے۔

واٹر ریسورس ڈویژن نے 194.6 ارب کے مقابلے میں 215.1 ارب روپے خرچ کیے ، پاور ڈویژن نے 97.8 ارب کے مقابلے میں 120.9 ارب روپے استعمال کیے۔ اسی طرح نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے 161.2 ارب کے مقابلے میں 148 ارب روپے خرچ کیے، جس سے ترقیاتی منصوبوں پر موثر عمل درآمد کی عکاسی ہورہی ہے۔ منظورو استعمال شدہ فنڈز میں صرف 17 ارب روپے سے بھی کم کا فرق ریکارڈ کیا گیا، جس سے 98.46 فیصد رقوم کا استعمال ممکن ہوا۔

ماہرین کے مطابق یہ کارکردگی مالی سال 2025-26 کے پی ایس ڈی پی کے لیے ایک معیار ثابت ہوگی، جہاں حکومت ترقیاتی ضروریات اور مالی نظم و ضبط میں توازن قائم کرنے کی کوشش کرے گی۔ وزارت منصوبہ بندی کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں پی ایس ڈی پی کے اخراجات 23.3 فیصد بڑھ کر 5.3 ارب روپے تک پہنچ گئے جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 4.3 ارب روپے تھے۔

نئے مالی سال میں وفاقی پی ایس ڈی پی میں غیرملکی معاونت کے حامل 86 منصوبے شامل ہیں جن کے لیے 229 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جو کل پی ایس ڈی پی کا 23 فیصد بنتے ہیں۔ اگست 2025 کے دوران سینٹرل ڈولپمنٹ ورکنگ پارٹی نے پانچ منصوبوں کی منظوری دی جبکہ نو بڑے منصوبے ایکنیک کوبجھوادئیے گئے جبکہ ستمبرمیں اب تک سینٹرل ڈولپمنٹ ورکنگ پارٹی کے پلیٹ فارم کے تحت 8ارب روپے مالیت کے 7منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے جبکہ 288ارب روپے مالیت کے 4منصوبوں کوایکنکیک بھجوادیاگیاہے۔

متعلقہ عنوان :