اسلام آباد پولیس کا خواتین کے تحفظ کے لئے آن لائن ویمن پولیس سٹیشن فعال

جمعہ 12 ستمبر 2025 16:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) اسلام آباد پولیس کا خواتین کے تحفظ کے لئے آن لائن ویمن پولیس سٹیشن فعال ہو گیا۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آن لائن ویمن پولیس سٹیشن خواتین کے تحفظ اور ان کی داد رسی کے لئے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔آن لائن ویمن پولیس سٹیشن خواتین کے ساتھ پیش آنے والے جنسی ہراسانی، گھریلو تشدد، ذہنی و جسمانی اذیت اور امتیازی سلوک کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لا رہا ہے۔

خواتین کسی بھی قسم کی ہراسانی کی شکایت کے لئے مختص ہیلپ لائن 1815 پر رابطہ کر سکتی ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ آن لائن ویمن پولیس سٹیشن 24/7 خواتین کے لئے موجود ہے اور اب تک 2700 سے زائد شکایات کا اندراج کیا جا چکا ہے جن میں سے 2600 شکایات حل کی جا چکی ہیں جبکہ 33 شکایات پر کارروائی جاری ہے۔

(جاری ہے)

موصولہ شکایات میں سے 2570 خواتین نے پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

مزید کہا گیا کہ ہیلپ لائن 1815 پر مرد شہریوں کی کالز کو خودکار نظام کے ذریعے ’’پکار 15‘‘ پر منتقل کر دیا جاتا ہے جبکہ خواتین کی رہنمائی اور شکایات کا اندراج براہ راست کیا جاتا ہے۔شکایات پر کیس درج ہونے کے بعد متعلقہ ایس پی، ایس ایچ او اور خواتین پولیس سٹیشن کو اطلاع دی جاتی ہے جبکہ شکایت کنندہ خاتون کو بھی بذریعہ ایس ایم ایس آگاہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی خاتون اپنے کیس کی کارروائی سے مطمئن نہ ہو تو اس کی شکایت آئی جی پی شکایت سیل 1715 پر بھیجی جاتی ہے۔