یورپی یونین نے روس پر عائد پابندیوں میں مزید 6 ماہ کی توسیع کردی

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:30

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 ستمبر2025ء)یورپی یونین کے رکن ممالک نے روس پر یوکرین جنگ کے باعث عائد پابندیوں میں مزید 6 ماہ کی توسیع کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ ان پابندیوں میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سمیت 2,500 سے زائد افراد اور ادارے شامل ہیں۔یورپی سفارتی ذرائع کے مطابق یونین کے 27 رکن ممالک کے سفیروں نے جمعہ کے روز اس فیصلے کی توثیق کی، تاکہ پیر کو ختم ہونے والی پابندیوں کی مدت میں رکاوٹ نہ آئے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل ہنگری اور سلوواکیہ نے فہرست سے کچھ نام نکالنے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم بعد ازاں ان ممالک نے اپنے تحفظات واپس لے لیے۔ان توسیعی پابندیوں کے تحت روسی حکام، کاروباری شخصیات، فوجی کمانڈرز اور کئی ادارے یورپی یونین کے مالیاتی اور سفری اقدامات کا سامنا کرتے رہیں گے۔یورپی یونین کے اس اقدام کو یوکرین کی حمایت اور روس پر دباؤ برقرار رکھنے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ روس نے ان پابندیوں کو بارہا "غیر قانونی اور غیر منصفانہ" قرار دیا ہے۔