Live Updates

ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.02 فیصد کمی ریکارڈ

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 ستمبر2025ء) ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.02 فیصد کمی ہوئی، تاہم سالانہ بنیادوں پر یہ شرح 5.03 فیصد زیادہ رہی۔اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں 22 اشیائ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 4 اشیائ سستی اور 25 اشیائ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پیاز 9 روپے 75 پیسے، ٹماٹر 21 روپے 47 پیسے اور آلو 2 روپے 97 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے۔ اسی طرح ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 93 روپے 14 پیسے مہنگا ہوا۔ چینی 2 روپے 65 پیسے، دال مونگ 5 روپے 12 پیسے، دال ماش 5 روپے 70 پیسے اور دال چنا 2 روپے 10 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔

(جاری ہے)

انڈوں کی فی درجن قیمت میں 4 روپے 64 پیسے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔لہسن 2 روپے 44 پیسے اور مٹن 2 روپے 5 پیسے فی کلو مہنگا ہوا جبکہ اری چاول کی قیمت میں بھی 2 روپے 53 پیسے کا اضافہ ہوا۔

دوسری جانب گزشتہ ہفتے 20 کلو آٹے کا تھیلا 224 روپے 97 پیسے سستا ہوا۔ برائلر مرغی 15 روپے 13 پیسے اور کیلے 4 روپے 60 پیسے فی کلو سستے ہوئے۔ماہرین کے مطابق اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں یہ اتار چڑھاؤ سپلائی چین، موسمی عوامل اور درآمدی لاگت کے اثرات کے باعث سامنے آیا ہے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات