روس اور جی سی سی وزرائے خارجہ کا اسرائیلی جارحیت کے خلاف مشترکہ اعلامیہ

جمعہ 12 ستمبر 2025 18:24

دوحہ/ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 ستمبر2025ء) روس اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے وزرائے خارجہ نے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے آٹھویں دور کے بعد اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایک سخت مشترکہ اعلامیہ جاری کیا۔ اجلاس 9 ستمبر کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقد ہوا۔اعلامیے میں اسرائیلی قابض افواج کی اٴْس کارروائی کی شدید مذمت کی گئی جس میں قطر میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جہاں حماس کے پولٹ بیورو کے متعدد ارکان مقیم تھے۔

اس حملے میں تحریک کے کئی ارکان شہید ہوئے جبکہ داخلی سلامتی فورس (لخویا) کا ایک اہلکار بھی جان کی بازی ہار گیا۔ اس واقعے کو بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا گیا۔وزرائے خارجہ نے کہا کہ یہ حملہ قطر کی خودمختاری پر کھلا حملہ ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو سبوتاڑ کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات عالمی برادری سے ایک دوٹوک اور واضح ردِعمل کے متقاضی ہیں تاکہ اسرائیل کو مزید جارحیت سے باز رکھا جا سکے۔ مشترکہ اعلامیے میں سلامتی کونسل اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے ان جارحانہ کارروائیوں کو فوری طور پر بند کروائیں اور ان کے اعادے کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔وزرا نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیل کی اس روش کا سلسلہ جاری رہا اور عالمی برادری نے سنجیدہ و فیصلہ کن مؤقف اختیار نہ کیا تو نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن و سلامتی بھی سنگین خطرات سے دوچار ہو جائے گی۔

متعلقہ عنوان :