نیو کراچی ٹاؤن میں سرویکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم کا آغاز

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ ویکسینیشن مہم کا افتتاح کیا

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ نیو کراچی ٹاؤن میں خواتین اور بچیوں کو کینسر سے بچانے کے لیے خصوصی آگاہی اور ویکسینیشن مہم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ سرویکل کینسر خواتین میں تیزی سے پھیلنے والا ایک خطرناک مرض ہے جس کے سدباب کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پولیو اور دیگر ویکسی نیشنز کے بارے میں عوام میں بدگمانیاں پائی جاتی رہی ہیں، لہٰذا والدین اور سرپرستوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس احتیاطی پروگرام سے مکمل آگاہی حاصل کریں تاکہ اپنی بچیوں کو اس مہلک بیماری سے محفوظ رکھ سکیں۔

(جاری ہے)

محمد یوسف نے بتایا کہ حکومتِ پاکستان اور ورلڈ بینک کے تعاون سے 15 تا 21 ستمبر 2025 ء تک نو سے چودہ سال کی بچیوں کو ایچ پی وی (HPV) یعنی سرویکل کینسر سے بچاؤ کی مفت ویکسین لگائی جارہی ہیں۔

پورے ملک کی طرح نیو کراچی ٹاؤن میں بھی یہ آگاہی اور ویکسینیشن مہم جاری ہے۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنی 9 تا 14 سال کی بچیوں کو لازماً یہ ویکسین لگوائیں تاکہ انہیں سرویکل کینسر جیسے موزی مرض سے بچایا جا سکے۔ یہ بیماری خاص طور پر ان خواتین اور بچیوں کو لاحق ہو سکتی ہے جنہوں نے بروقت ویکسین نہ لگوائی ہو، تاہم یہ ویکسین ان کی مکمل حفاظت کر سکتی ہے۔

چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ ایچ پی وی ویکسین عالمی ادارہ صحت (WHO) اور دنیا کے معتبر صحت کے اداروں سے منظور شدہ اور مکمل طور پر محفوظ ہے۔ اس کی ایک خوراک بچیوں کو وائرس سے طویل عرصے تک محفوظ رکھتی ہے اور مستقبل میں پیدا ہونے والی پیچیدگیوں سے بھی بچاتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ نے صحتِ عامہ کے اس اہم پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا عزم کیا ہے اور عوام سے بھرپور تعاون کی اپیل کی ہے۔