ماسٹر پلان پرعملدرآمد سے شہر کی بہتری ممکن ہو گی، مفتی فیض القادری

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء) جماعت غوثیہ اہلسنّت انٹرنیشنل کے امیر مفتی محمد فیض القادری نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے کراچی ماسٹر پلان پر عملدرآمد کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قدم شہر کی ترقی اور مسائل کے حل کی طرف ایک مثبت پیش رفت ہے۔مفتی محمد فیض القادری نے اپنے بیان میں کہا کہ کراچی کی بے ہنگم توسیع اور بنیادی سہولیات کی کمی نے شہریوں کی زندگیوں کو متاثر کیا ہے، اس لیے ماسٹر پلان پر موثر عملدرآمد سے شہر کی بہتری ممکن ہو گی۔

انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کی اس کوشش کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ٹرانسپورٹ، پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور دیگر مسائل کا حل شفاف اور بروقت طریقے سے کیا جائے گا۔تاہم، مفتی فیض القادری نے مثبت توقعات کے ساتھ چند خدشات کا بھی اظہار کیا کہ منصوبے پر عملدرآمد کے دوران عوامی شمولیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ عام شہریوں کی مشکلات کو سمجھ کر حل کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غیر رسمی آبادیاں خصوصاً لیاری ندی کے کنارے رہنے والے باشندوں کے حقوق کا تحفظ بہت اہم ہے اور انہیں وسائل فراہم کیے بغیر بے دخلی کسی صورت قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ ماسٹر پلان کے تحت کیے جانے والے کاموں میں شفافیت اور جوابدہی کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ منصوبہ عوام کے اعتماد کا مرکز بنے۔ مزید برآں، ماسٹر پلان کی تکمیل کے ساتھ شہر میں سماجی ہم آہنگی اور امن قائم رکھنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔مفتی محمد فیض القادری نے آخر میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ کراچی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے اور شہریوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں حکومت کی کاوشیں کامیاب ہوں۔

متعلقہ عنوان :