پنجاب میں مستحق اقلیتی افراد کیلئے مائنارٹی کارڈز کی تعداد 75 ہزار کر دی گئی

جمعہ 12 ستمبر 2025 19:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 ستمبر2025ء)پنجاب کے مستحق اقلیتی افراد کیلئے خوشخبری، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مائنارٹی کارڈز کی تعداد بڑھا کر 75 ہزار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر اقلیتی برادری کیلئے سہولتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مستحق اقلیتی افراد کو سہ ماہی بنیادوں پر 10 ہزار 500 روپے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

مائنارٹی کارڈ کے حصول کیلئے قومی شناختی کارڈ اور نادرا رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔پروگرام میں صرف وہی افراد شامل ہوں گے جن کی پی ایم ٹی سکورنگ 45 یا اس سے کم ہوگی۔ اہل افراد کی تصدیق کیلئے نادرا، بی آئی ایس پی اور پی ایس پی اے کے ڈیٹا سے جانچ پڑتال کی جائے گی۔ رجسٹریشن کیلئے شہری 1040 پر کال کر سکتے ہیں جبکہ آن لائن درخواست جمع کروانے کیلئے ویب سائٹ بھی لانچ کر دی گئی ہے۔حکومتی اعلامیے کے مطابق آن لائن رجسٹریشن کا عمل 30 ستمبر 2025 تک جاری رہے گا۔ اس پروگرام کے ذریعے صوبے کی اقلیتی برادری کو باعزت اور شفاف طریقے سے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔