منی پور ،وزیر اعظم مودی کے دورے خلاف احتجاج ، مشتعل افراد اور پولیس کے درمیان جھڑپیں

جمعہ 12 ستمبر 2025 19:24

امپھال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور کے علاقے چورا چند پور میں مقامی لوگوں اور پولیس کے درمیان اس وقت جھڑپیں ہوئیں جب مشتعل افراد کے ایک گروپ نے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کی تیاری کے سلسلے میں سڑکوں کے ساتھ بنائے گئے آرائشی ڈھانچوں کو توڑنے کی کوشش کی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مئی 2023میں مئی میں میتھی (ہندو) او رکوکی ( عیسائی ) قبائل کے درمیان تشدد پھوٹ پڑنے کے بعد وزیر اعظم مودی کا یہ ریاست کا پہلا دورہ ہے۔

مظاہرین اور پولیس کے درمیاں یہ جھڑپیں جمعرات کو چوراچند پور قصبے کے پیئرسنمون علاقے میں ہوئیں۔ وزیر اعظم مودی کل ہفتے کے روز منی پور جائیں گے اور بتایا جا رہا ہے کہ انکا ہیلی کاپٹر اسی علاقے میں اترے گا اور بعد ازاں وہ تقریب کے مقام تک 5 کلومیٹر کا فاصلہ بذریعہ سڑک طے کریں گے۔

(جاری ہے)

لاٹھیوں سے لیس افراد نے جمعرات کو دو مقامات پر ہنگامہ آرائی کی۔ سوشل میڈیا پروائرل ویڈیوز میں مشتعل افراد کو تزئین و آرائش کے کام کو اکھاڑ پھینکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔فورسز نے مشتعل افراد کو منتشر کرنے کیلئے شدید لاٹھی چارج کیا جسکے بعد دونوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔یاد رہے کہ مئی 2023سے جاری تشدد میں اب تک کم از کم 260 افراد ہلاک اور 60ہزار سے زائد بے گھر ہو چکے ہیں۔