اسلام آباد پولیس کی بڑی کارروائی،تھانہ کوہسار پولیس نے شہریوں کو اسلحہ کے زور پر لوٹنے والے 2 رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا

جمعہ 12 ستمبر 2025 21:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)تھانہ کوہسار پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو اسلحہ کی نوک پر لوٹنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث منظم گروہ کے دو ارکان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 14 عدد قیمتی موبائل فون، نقدی، وارداتوں میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل اور اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت علی حنظلہ اور ارسلان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے تھانہ کوہسار، تھانہ مارگلہ اور تھانہ شالیمار کے علاقوں میں متعدد وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کے خصوصی احکامات پر وفاقی دارالحکومت میں ڈکیتی، راہزنی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈان جاری ہے، جس کے نتیجے میں سنگین نوعیت کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کے بارے میں متعلقہ تھانہ یا ایمرجنسی ہیلپ لائن "پکار-15" پر فوری اطلاع دیں۔