لاہورہائیکورٹ نے امریکی شہری کے فراڈ مقدمہ پر فیصلہ محفوظ کرلیا

جمعہ 12 ستمبر 2025 19:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 ستمبر2025ء)لاہور ہائیکورٹ میں امریکہ پلٹ شہری کے خلاف فراڈ مقدمہ درج کرنے کے عدالتی حکم پر سماعت ہوئی۔ جسٹس جواد ظفر نے فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔مدعی مقدمہ کے وکیل اکرم قریشی نے عدالت سے استدعا کی کہ درخواست مسترد کی جائے، کیونکہ درخواست گزار نے امریکہ میں مدعی کے ساتھ لاکھوں ڈالر کا فراڈ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی قانون کے تحت ایسے الزامات پر پاکستان میں مقدمہ درج کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب درخواست گزار محمد نواز کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل کا مدعی کے ساتھ امریکہ میں کاروباری لین دین کا تنازع ہوا تھا۔ پاکستان واپسی پر مدعی نے بلاجواز طور پر ان پر فراڈ کا مقدمہ درج کرانے کی درخواست دی، جس پر سیشن عدالت نے قانونی جواز کے بغیر مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ ہائیکورٹ سیشن عدالت کے اس حکم کو کالعدم قرار دے، کیونکہ یہ اقدام بلا قانونی جواز کے اٹھایا گیا ہے۔ عدالت نے دونوں جانب کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔