عمان،کشتی حادثہ میں ڈوبنے والے تمام افراد کا تعلق بنوں سے تھا، صوبائی وزیر پختون یار کا واقعے پر اظہار افسوس

جمعہ 12 ستمبر 2025 20:25

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)عمان میںکشتی میں آگ لگنے کے باعث سوار 22 سے زائد پاکستانی ممکنہ طورپر سمندر میںڈوب کر جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ ایک شخص چھلانگ لگاکرزندہ بچ گیا ہے۔ ڈوبنے والے تمام افراد کا تعلق خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع بنوں سے بتایاجاتا ہے جو وہاں ماہی گیری کرکے محنت مزدوری کرتے تھے۔ باخبر ذرائع کے مطابق کشتی میں آگ لگنے کا حادثہ چند روز قبل6 ستمبر کو عمان میں پیش آیاتھا جہاں کشتی میں سوارتمام ماہی گیروں نے آگ لگنے کے بعد کشتی سے چھلانگیں لگائیں اور ممکنہ طورپرسمندر میں ڈوب کر جاں بحق گئے تاہم حمیدااللہ نامی شخص زندہ بچ گیا ۔

ڈوب کر لاپتہ اور جاں بحق ہونے والے تمام 22افراد کا تعلق بنوں شہر کے نواحی علاقہ خوجڑی سے بتایا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق کشتی میں سوارافراد نے آگ لگنے کے باعث چھلانگیں لگاکر سمندر کے گہرے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے ہیں جن میں دو بھائی بھی شامل ہیں۔ واقعہ کی تصدیق صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان اور پاکستان پیپلز پارٹی بنوں کی خاتون رہنما آسیہ جہانگیر نے بھی کی ہے۔

صوبائی وزیر پختون یارکے مطابق حادثہ میں 22 افراد لاپتہ ہوئے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں پختون یار نے واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کٹھن گھڑی میںوہ اور صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیںہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ ان کا کہناتھا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی آمین گنڈا پور مسلسل متعلقہ حکام‘وفاقی حکومت اور سفیروں کے ساتھ رابطے میں ہیں ۔

ادھر پی پی پی بنوں کی خاتون رہنما آسیہ جہانگیر نے بھی کشتی حادثہ بارے وفاقی وزیر برائے اورسیز پاکستانیزچوہدری سالک حسین سے ملاقات کی ہے اور عمان میں کشتی الٹنے کے واقعہ پر بات چیت کی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لاپتہ اور ممکنہ طورپر جاں بحق افراد میں دو بھائیوں دلنواز اور خوب نواز کے علاوہ شاہ محمود‘ حامد‘ وقاص‘ وہاب‘زوہیب‘شاہ ریاض‘ وسیم‘ نسیم علی‘ عمر علی‘شفیع اللہ‘برکت اللہ‘ کفایت اورزبیرکی شناخت ہوگئی ہے جبکہ سات کی شناخت ابھی تک نہیں ہوسکی ہے۔