چاغی میں افغان مہاجرین کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا

ہفتہ 13 ستمبر 2025 17:57

دالبندین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء)ضلع چاغی میں افغان مہاجرین کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق جن افغان مہاجرین کا کاروبار ہے، انہیں ایک ماہ کی مہلت دی گئی ہے تاکہ وہ اپنا کاروباری نظام ختم کرکے باعزت طریقے سے افغانستان منتقل ہوسکیں۔دالبندین شہر میں سبزی فروشوں کی اکثریت افغان مہاجرین پر مشتمل ہے جو گزشتہ کئی برسوں سے مقامی عوام کو سبزی فراہم کرتے رہے ہیں۔

تاہم ایک ماہ بعد جب یہ سبزی فروش افغانستان منتقل ہوجائیں گے تو ان کی دکانیں خالی ہوجائیں گی۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ دکانیں مقامی افراد، خصوصاً غریب طبقے کو دی جائیں تاکہ ان کے روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور بااثر شخصیات کی سفارشات شامل نہ ہوں۔

(جاری ہے)

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مقامی سبزی فروشوں کو عوام کے ساتھ مناسب رویہ اور کم قیمتوں پر اشیاء فروخت کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ لوگ افغان مہاجرین کو بھول جائیں اور مقامی دکانداروں پر اعتماد کرسکیں۔

دوسری جانب دالبندین کے قصائیوں کے حوالے سے شکایات سامنے آئی ہیں کہ وہ اپنی مرضی سے چھوٹے بڑے جانور ذبح کرکے گوشت فروخت کرتے ہیں جبکہ ان پر ویٹرنری ڈاکٹر کی مہر بھی نظر نہیں آتی۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ قصائی صرف سستا جانور خریدنے پر توجہ دیتے ہیں، چاہے وہ صحت مند ہو یا نہیں۔عوام نے مقامی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی دالبندین سے مطالبہ کیا ہے کہ روزانہ سبزی فروشوں اور قصائیوں کی دکانوں کا معائنہ کیا جائے، تاکہ عوام کو صحت مند اور معیاری اشیاء فراہم ہوسکیں۔ ساتھ ہی کوئٹہ سے دالبندین تک پرچون اور سبزیوں کی دکانوں کی قیمتوں کی فہرست چیک کی جائے تاکہ شہریوں کو درست نرخوں پر اشیائے ضروریہ مل سکیں۔