جیکب آباد، حبیب چوک کے قریب 11 ہزار وولٹیج کی تاریں دھماکے سے گر گئیں، شہر رات بھر تاریکی میں ڈوبا رہا

ہفتہ 13 ستمبر 2025 22:19

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء) جیکب آباد، حبیب چوک کے قریب 11 ہزار وولٹیج کی تاریں دھماکے سے گر گئیں، شہر رات بھر تاریکی میں ڈوبا رہا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے حبیب چوک کے قریب اچانک زوردار دھماکے کے ساتھ 11 ہزار وولٹیج کی تاریں زمین پر آ گریں، ہائی وولٹیج تاریں پوری رات سڑک پر پڑی رہیں مگر سیپکو کا عملہ جائے وقوعہ پر نہ پہنچ سکا، تاروں کے زمین پر گرنے سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت علاقے کو بند کرنے اور شہریوں کو قریب آنے سے روکنے کی کوشش کی اس دوران پورا شہر رات بھر بجلی سے محروم رہا اور شہری شدید گرمی میں اذیت میں مبتلا رہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ سیپکو کا عملہ مسلسل اطلاع دینے کے باوجود موقع پر نہیں پہنچا جس سے کوئی بڑا سانحہ پیش آسکتا تھا شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ سیپکو حکام کی مجرمانہ غفلت ناقابل برداشت ہے، شہریوں نے کہا کہ آئے روز گیارہ ہزار وولٹیج کی تاریں گرنے کے واقعات ہورہے ہیں جس سے کسی بھی وقت جانی نقصان کا خدشہ ہے، عوام نے مطالبہ کیا کہ شہر میں زبون حال تاریں ہٹاکر نئی تاریں لگائی جائیں۔