اسلام آباد میں صاحبزادہ سید قیصر حیدر کی جانب سے محفل میلاد کا انعقاد

ہفتہ 13 ستمبر 2025 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) ربیع الاول کے با برکت مہینے کے دوران ملک بھر میں محفل میلاد کی پر نور محفلوں کا سلسلہ جاری ہے، اسی سلسلے میں اسلام آباد میں صاحبزادہ سید قیصر حیدر کی جانب سے محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی پیر سید محمد انیس حیدر شاہ تھے۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پیر سید محمد انیس حیدر شاہ نے کہا کہ ربیع الاول کے بابرکت مہینے میں ایسی محافل کا انعقاد حضور پاک رحمت اللعالمین حضرت محمدؐ سے محبت کا اظہار ہے ،انہوں نے کہا کہ حضور پاک ؐکی ساری زندگی سادگی،شفقت،قناعت اور درگزر پر مبنی ہے،اگر ہم اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو آسان کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں اپنی زندگیاں نبی کریمؐ کی تعلیمات کے مطابق گزارنی چاہئیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ماہ مبارک میں فلسطین اور کشمیر کے مسلمان بہن بھائیوں کو بھی اپنی دعائوں میں یاد رکھیں اور قدرتی آفات کی وجہ سے ہمارے مسلمان بہن بھائی جن مشکلات کا شکار ہیں ہمیں بحیثیت مسلمان انکی مدد کیلئے دن رات وقف کر دینا چاہیے۔صاحبزادہ سید قیصر حیدر نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس ماہ مبارک میں رحمت اللعالمینؐ کی ولادت باسعادت ہوئی۔

حضورِ کائنات محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے میں ہی دنیا و آخرت کی بھلائی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پیارے نبیؐ کی زندگی صبر،درگزر،قناعت،صلہ رحمی کی مشعلِ راہ ہیں لہذا ہمیں اپنے روزمرہ کے معاملات میں ان معاملات پر خصوصی توجہ دینی چاہیے اور اپنے اردگرد نظر رکھنی چاہیے جبکہ ضرورتمندوں ،بیوائوں ،یتیموں کا خصوصی خیال رکھیں اور معاشرے میں خود کو اچھا شہری ثابت کریں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جو قدرتی آفات کی وجہ سے ہمارے بھائی اور بہن مشکلات کا شکار ہیں انکی دل کھول کے مدد کریں۔میلاد میں نامور نعت خوانوں نے حضور اقدس حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔میلاد کے اختتام پر ملک کی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔