پاکستان پائیدار اور جامع ترقی کے محرک کے طور پر ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا مستحکم عزم رکھتا ہے، خلیل ہاشمی

اتوار 14 ستمبر 2025 17:00

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے ڈیجیٹل معیشت کی پائیدار اور جامع ترقی کے محرک کے طور پر فائدہ اٹھانے کے پاکستان کے عزم پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی صرف اختراع نہیں بلکہ یہ ایک عظیم کنیکٹر ہے جو قابل رسائی ٹیکنالوجیز کو فروغ دیتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حال ہی میں بیجنگ میں چائنا انٹرنیشنل فیئر فار ٹریڈ ان سروسز (سی آئی ایف ٹی آئی ایس) میں ڈیجیٹل پاکستان پویلین کا افتتاح کرتے ہوئے کیا جو عالمی سطح پر ملک کی آئی ٹی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں ایک اہم قدم ہے۔

چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق پویلین 15 معروف پاکستانی ٹیک فرموں پر مشتمل ہے ، اس کا مقصد اسٹریٹجک شراکت داری قائم کرنا اور ڈیجیٹل معیشت میں ابھرتے ہوئے کھلاڑی کے طور پر پاکستان کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان تین اہم اسٹریمز یعنی تعلیم اور تحقیق، بزنس ٹو بزنس تعاون اور مصنوعی ذہانت، سمارٹ سٹیز، کوانٹم کمپیوٹنگ، انٹرنیٹ آف تھنگز اور گرین ٹیکنالوجیز جیسے شعبوں میں جدت طرازی کے ذریعے ڈیجیٹل تبدیلی پر عمل پیرا ہے۔

پاکستانی سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ چین کے آئی بی آئی گروپ کے ساتھ تعاون سمیت تزویراتی شراکت داری پاکستان کے ایس ایم ایز اور روایتی صنعتوں جیسے ٹیکسٹائل، زراعت اور ڈیجیٹل ٹولز کے ساتھ مینوفیکچرنگ کو عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے لیے بااختیار بنانے کے لیے بہت ضروری ہے۔ پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے مزید کہا کہ سی آئی ایف ٹی آئی ایس پاکستانی کمپنیوں کو پاکستان اور چین کے درمیان ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ بزنس پروسیسنگ آؤٹ سورسنگ، ای کامرس اور فنٹیک پارٹنرشپ کو تلاش کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی آئی ایف ٹی آئی ایس ایک حقیقی جیت کا پلیٹ فارم ہے۔انہوں نے پاکستانی کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔ رواں سال پاکستان پویلین کے تحت سی آئی ایف ٹی آئی ایس میں 15 معروف پاکستانی آئی ٹی اور سروسز کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں جن میں ڈیجیٹل سافٹس، مائیکرو لنکس پرائیویٹ لمیٹڈ، شاجیم انجینئرنگ سروسز اینڈ ٹیکنالوجی، او بی ہوسٹ، نور احمد ای کامرس سلوشنز، زیل ٹیکنالوجیز، ازلا ٹیکنالوجیز، کیو بی ایس کمپنی لمیٹڈ، سی بی ایس، سوفٹ کمپنی سمیت دیگر کمپنیاں بھی شامل ہیں۔