گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا شوژو میں پرتپاک استقبال، حیدرآباد اور شوژو کو سسٹر سٹیز بنانے کی تجویز زیر غور

پاکستان اور چین کے شہروں کے درمیان تعلقات مضبوط ہونے سے معاشی اور صنعتی ترقی کو نئی سمتیں ملیں گی، اور یہ شراکت داری دونوں ممالک کے عوام کے لیے بہتر مواقع پیدا کرے گی،کامران ٹیسوری

اتوار 14 ستمبر 2025 17:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری چین کے صنعتی شہر شوژو (Xuzhou) پہنچے تو مئر شوژو، پاکستانی سفارتکار اور ان کی ٹیم نے ریلوے اسٹیشن پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر خیرمقدمی بینرز کے ذریعے پاکستان اور چین کی دوستی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔بعدازاں گورنر سندھ نے شوژو میونسپل پیپلز گورنمنٹ کی سیکریٹری جنرل اور دیگر اعلیٰ حکام سے اہم ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، باہمی تجارت میں اضافے، سرمایہ کاری کے مواقع، انفراسٹرکچر کے منصوبے، انرجی سیکٹر میں تعاون اور سماجی و ثقافتی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں حیدرآباد اور شوژو کو "سسٹر سٹیز" قرار دینے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماؤں نے باہمی رضامندی سے اس تجویز پر مثبت پیش رفت کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام دونوں شہروں کے درمیان صنعتی، تعلیمی، ثقافتی اور تجارتی شعبوں میں تعاون کو نئی جہت دے گا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس موقع پر کہا کہ چین کی حیران کن ترقی میں 60 ہزار ڈیموں کی تعمیر نے اہم کردار ادا کیا ہے، اور پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے بھی ڈیموں کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ صوبہ انفراسٹرکچر، انرجی، صنعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وافر مواقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کو ایس آئی ایف سی کے تحت ون ونڈو آپریشن کے ذریعے تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو آسان بنایا جا سکے۔

گورنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر ملکی معیشت کی مضبوطی اور ترقی کے لیے فعال اقدامات کر رہے ہیں۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان اور چین کے شہروں کے درمیان تعلقات مضبوط ہونے سے معاشی اور صنعتی ترقی کو نئی سمتیں ملیں گی، اور یہ شراکت داری دونوں ممالک کے عوام کے لیے بہتر مواقع پیدا کرے گی۔ گورنر سندھ کے اس دورے کو پاک-چین تعلقات کے فروغ اور صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کے امکانات کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرارندیانجانرہانہے۔