Live Updates

جماعت اسلامی نے کراچی تاکشمور سندھ میں بااختیاربلدیاتی نظام کا مطالبہ کردیا

بیرونی امداد کے آسرے پر سندھ کو ایک بارپھرڈبودینے کی تیاری کرنے والے حکمران اللہ کی پکڑ سے ڈریں وفاقی حکومت سے سیلاب متاثرین کے لیے عالمی امداد کی اپیل کرنے کا مطالبہ سمجھ سے باہر ہے، کاشف سعید شیخ

اتوار 14 ستمبر 2025 20:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے سندھ کی تعمیر وترقی کے لیے کراچی تاکشمور سندھ میں بااختیاربلدیاتی نظام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18سال سے صوبہ پربرسراقتدار پیپلزپارٹی نے سندھ میں تباہی وبربادی کے سواکچھ نہیں دیا ہے۔بیرونی امداد کے آسرے پر سندھ کو ایک بارڈبودینے کی تیاریاں کرنے والے حکمران اللہ تعالیٰ کی پکڑ سے ڈریں۔

پارٹی چیئرمین کا وفاقی حکومت سے سیلاب متاثرین کے لیے عالمی امداد کی اپیل کرنے کا مطالبہ سمجھ سے باہر ہے۔یہ سیلاب متاثرین کی مدد کانہیں بلکہ اس کی آڑ میں کرپشن اورلوٹ مارکا وژن ہے۔ لگتا ایسے ہے کہ حکومت پارٹی چیئرمین کی قیادت میں سندھ کی مکمل تباہی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔

(جاری ہے)

پچھلے سیلا ب متاثرین کے لیے 21لاکھ گھربناکردینے کا دعویٰ بھی جھوٹ پر مبنی ہے۔

حکومت سندھ عوام کو بہکاری بنانے ،ڈاکوراج کے حوالے کرنے نہیں بلکہ انہیںاپنے پائوں پرکھڑاکرنے کے لیے روزگار،امن اورصحت وتعلیم کی بنیادی سہولیات فراہم کرے۔ان خیالات کااظہار انہوں قباء آڈیٹوریم نظم صوبہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں سندھ کی سیاسی وسیلابی صورتحال سمیت تنظیمی ودعوتی امورپرغور اورآئندہ کی منصوبہ بندی کی گئی۔اجلاس میں صوبائی نائب امراء پروفیسرنظام الدین میمن،منعم ظفرخان،حافظ نصراللہ چنا،نائب قیمین ودیگرذمے داران بھی موجود تھے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات