حالات صرف موسمی چیلنج نہیں بلکہ انتظامی صلاحیتوں کا امتحان بھی ہیں، سرائی نیاز حسین خاصخیلی

متعدد علاقوں میں پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، صدر ق لیگ سندھ

اتوار 14 ستمبر 2025 20:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے صدر سرائی نیاز حسین خاصخیلی نے کراچی اور سندھ کے دیگر شہری و دیہی علاقوں میں شدید بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات صرف موسمی چیلنج نہیں بلکہ انتظامی صلاحیتوں کا امتحان بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ متعدد علاقوں میں پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

کئی خاندان اپنے گھروں سے بے دخل ہو چکے ہیں، اور روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔سرائی نیاز حسین نے کہا کہ بابارش ایک قدرتی عمل ہے، لیکن اس کے بعد پیدا ہونے والے مسائل کا تعلق براہ راست شہری منصوبہ بندی اور انتظامی حکمت عملی سے ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام ادارے، خواہ وفاقی ہوں یا صوبائی، سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر متاثرین کی مدد کو اولین ترجیح بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کا فوری سروے کر کے امدادی پیکج کا اعلان کرے،ریلیف کیمپوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے،طبی ٹیمیں، موبائل یونٹس، اور شیلٹرز فوری طور پر فعال کیے جائیں اور امدادی فنڈز کی شفاف نگرانی کے لیے مشترکہ مانیٹرنگ سیل قائم کیا جائے۔مسلم لیگ (ق) کے رہنما نے فلاحی اداروں اور رضاکاروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم ان تمام تنظیموں اور افراد کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو میدانِ عمل میں موجود ہیں۔

ان کا جذبہ ہی اصل پاکستان ہے۔ سرائی نیاز حسین نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) حکومت کی اتحادی جماعت ہونے کے ناطے یہ سمجھتی ہے کہ تنقید سے زیادہ عملی تعاون اور پالیسی سفارشات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت سندھ سے اپیل کی کہ وہ تمام سیاسی و سماجی قوتوں کو اعتماد میں لے کر ایک مربوط ریلیف اور بحالی پلان تیار کرے۔