Live Updates

فیصل آباد چیمبر کا مستقبل میں سیلاب اور قدرتی آفات کے نقصان سے بچنے کیلئے طویل المدتی حکمت عملی وضع کرنے کا مطالبہ

اتوار 14 ستمبر 2025 21:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا ہے کہ پاکستان جیسا ترقی پذیر ملک ہر سال سیلابوں اور قدرتی آفات سے ہونے والے بھاری جانی اور مالی نقصانات کا متحمل نہیں ہوسکتا،ان سے بچنے کیلئے فوری اور طویل المدتی حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اصولی طور پر تمام طبقے ماحولیاتی تبدیلیوں سے پیش آنے والے خطرات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے پر متفق ہیں جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف پہلے ہی ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی کا اعلان کر چکے ہیں۔

انہوں نے اس سلسلہ میں فاضل پانی کو سٹور کرنے کیلئے نئے ڈیم اور بیراج بھی تعمیر کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح نہ صرف سیلابی پانی سے ہونے والے غیر معمولی نقصانات سے بچا جا سکے گا بلکہ اس کو ذخیرہ کر کے مزید زرعی رقبوں کو بھی آباد کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کو اس طرح ڈیزائن کیا جائے کہ ان سے ملکی زرعی پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ روزگار کے بھی نئے مواقع پیدا ہوں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات