Live Updates

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگ زیب کا وزیر صحت کے ہمراہ سیت پوراور علی پور کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ

اتوار 14 ستمبر 2025 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگ زیب اور وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے پر روانہ ہوئے۔ دونوں وزرا نے کشتی کے ذریعے سیت پور کے سیلاب زدہ علاقوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر سیت پور اور علی پور کے اندرونی علاقوں میں متاثرین کے لیے ٹینٹ، کھانا، خشک راشن اور دیگر امدادی سامان کی ترسیل کا عمل تیز کر دیا گیا۔

مریم اورنگ زیب اور خواجہ سلمان رفیق نے علی پور میں قائم فلڈ ریلیف کیمپوں میں متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔سینئر صوبائی وزیر نے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی پور میں بہت نقصان ہوا ہے اور وزیراعلی پنجاب نے ضلعی انتظامیہ کو ہر سیلاب متاثرہ فرد کے نقصان کا تخمینہ لگانے کی ہدایت دی ہے تاکہ متاثرین کو بروقت معاوضہ فراہم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

مریم اورنگ زیب نے کہا کہ پہلے جب سیلاب آیا تھا تو نواز شریف خود متاثرہ علاقوں میں پہنچے تھے اور آج ان کی بیٹی مریم نواز نے مجھے اور سلمان رفیق کو آپ کے پاس بھیجا ہے تاکہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہوں۔وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں طبی ٹیمیں چوبیس گھنٹے موجود ہیں اور وبائی امراض سے بچا کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزرا نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے، امدادی کارروائیوں میں تیزی لائی جائے اور کسی بھی متاثرہ فرد کو تنہا نہ چھوڑا جائے۔سیلاب متاثرین نے حکومت پنجاب کی بروقت امداد اور وزرا کی موجودگی پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ اس مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ ان کے حوصلے کو بلند کر رہا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات