Live Updates

ئ*اسلام آباد میں عشق پیغمبر اعظم ﷺ کانفرنس، ملک بھر کے علما و سیاسی قائدین کی شرکت

پیر 15 ستمبر 2025 02:45

K اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 ستمبر2025ء) ملی یکجہتی کونسل اور مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام *"عشقِ پیغمبر اعظم ﷺ مرکز وحدت مسلمین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر کی مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین، علمائے کرام، مشائخ عظام اور خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ بشریت اس وقت ظلم و استبداد کے دو پاٹوں میں پس رہی ہے اور مغربی تہذیب کا اصل چہرہ فلسطین اور غزہ میں دیکھنے کو ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل قابلِ اعتماد نہیں اور ان کی پالیسیاں مسلم دنیا کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ سیلاب متاثرین کی فوری بحالی اور امداد کو یقینی بنائیں، کیونکہ عوام حکومتی نااہلی اور بدعنوانی کی وجہ سے بار بار نقصانات کا شکار ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ امت مسلمہ کے انتشار کی بڑی وجہ خود غرضی اور استعمار کی سازشیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے اسلامی انقلاب کو امریکی لابی نے فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی، لیکن ملی یکجہتی کونسل کے قیام نے اس سازش کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور غزہ کی تباہی پر مسلم ممالک کی خاموشی مجرمانہ غفلت ہے، اور اب اسرائیلی جارحیت کا دائرہ دیگر خطوں تک پھیل سکتا ہے۔دیگر مقررین میں مفتی گلزار نعیمی، علامہ سید احمد اقبال رضوی، پیر غلام رسول اویسی، ڈاکٹر ضمیر اختر، مولانا طیب شاہ بخاری، سید ناصر عباس شیرازی، انجینئر حمید حسین اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالتﷺ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور گستاخانہ رویوں یا سازشوں کو کسی طور قبول نہیں کیا جائے گا۔کانفرنس کے آخر میں مشترکہ پیغام دیا گیا کہ قرآن و سنت کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے، حکومت عوام کے معاشی مسائل حل کرے اور امت مسلمہ کو باہمی اتحاد و یکجہتی کے ساتھ موجودہ چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات