Live Updates

پاک بھارت میچ میں اسپورٹس مین شپ نہ دیکھ کرمایوسی ہوئی‘ چیئرمین پی سی بی

پیر 15 ستمبر 2025 13:26

پاک بھارت میچ میں اسپورٹس مین شپ نہ دیکھ کرمایوسی ہوئی‘ چیئرمین پی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)ایشیاء کپ 2025ء کے چھٹے میچ کے دوران بھارتی ٹیم کے نامناسب رویے پر ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔ایک بیان میں محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاک بھارت میچ میں اسپورٹس مین شپ نہ دیکھ کر مایوسی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ کھیل میں سیاست کو گھسیٹنا اس کی اصل روح کے خلاف ہے۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اُمید ہے آئندہ فتوحات تمام ٹیمیں وقار اور خوش اخلاقی سے منائیں گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستانی ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ نے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کا ہاتھ نہ ملانا اسپورٹس مین اسپرٹ کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹاس کے وقت میچ ریفری نے کپتانوں سے ہاتھ نہ ملانے کی درخواست کی۔واضح رہے کہ ٹی 20 ایشیاء کپ 2025ء کے چھٹے میچ کے دوران پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں دوریاں رہیں۔

ایونٹ کے اہم ترین میچ کے ٹاس کے وقت بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستانی قائد سلمان علی آغا سے ہاتھ نہیں ملایا۔میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان بات چیت کے لمحات بھی نظر نہیں آئے۔میچ کے اختتام پر بھارتی بیٹرز پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملائے بغیر ہی ڈریسنگ روم چلے گئے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات