کیمبرج یونیورسٹی ، مکمل فنڈڈ سکالرشپ 2026 کے لیے درخواستیں طلب

پیر 15 ستمبر 2025 14:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) کیمبرج یونیورسٹی (برطانیہ)نے گیٹس کیمبرج سکالرشپ 2026 کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ یہ سکالرشپ مکمل فنڈڈ ہے اور پاکستان سمیت دنیا بھر کے طلبہ اس کے لیے اہل ہیں۔ اس سکالرشپ کے تحت منتخب امیدواروں کو مکمل ٹیوشن فیس، سالانہ £21,000 (تقریباً 75 لاکھ روپے)وظیفہ، آمد و رفت کے اخراجات، ویزہ فیس اور صحت کا بیمہ دیا جائے گا۔

شادی شدہ امیدواروں کے بچوں کے لیے بھی خصوصی الائونس موجود ہے۔

(جاری ہے)

اس سکالرشپ کےلئے درخواست گزار کا برطانیہ سے باہر کا شہری ہونا ضروری ہے، ایم فل، پی ایچ ڈی یا ایک سالہ ماسٹرز پروگرام کے لیے درخواستیں مانگی گئی ہیں۔ کیمبرج یونیورسٹی میں مطلوبہ پروگرام کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 اکتوبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔ درخواست دہندگان کو کیمبرج یونیورسٹی کی گریجویٹ ایپلیکیشن پورٹل کے ذریعے کورس اور فنڈنگ (سکالرشپ) کے لیے آن لائن اپلائی کرنا ہوگا۔ درخواست دیتے وقت “Gates Cambridge” سکالرشپ کے سیکشن کو مکمل کرنا ضروری ہے۔ مزید معلومات اور درخواست کے لیے کیمبرج یونیورسٹی کی ویب سائٹ یا سکالرشپ ریجن کی ویب سائٹ ملاحظہ کریں۔