پاکستان میں سروائیکل کینسر سے بچا ئوکیلئے ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کا باضابطہ آغاز

9 سے 14 سال کی ایک کروڑ 30 لاکھ بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچا ئوکی ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے

پیر 15 ستمبر 2025 16:43

اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)پاکستان میں سروائیکل کینسر سے بچا ئوکیلئے ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کا باضابطہ آغاز کر دیاگیا ،اسلام آباد میں بچی کو سروائیکل کینسر سے بچا ئوکی ویکسین لگا کر پاکستان میں ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کا باضابطہ آغاز کیا گیا ۔وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ملک کے صحت کے نظام میں ایک اہم سنگ میل ہے، مہم کے دوران 9 سے 14 سال کی ایک کروڑ 30 لاکھ بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچا ئوکی ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا کہ ہمارا ہیلتھ کیئر ہسپتالوں کے باہر سے شروع ہوتا ہے، اصل مقصد یہ ہے کہ لوگوں کو ہسپتال جانے سے بچایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان کا ہیلتھ کیئر سسٹم بیمار ہے، ہسپتالوں میں مریضوں کی بھرمار ہے اور صرف نئے ہسپتال بنانا مسئلے کا حل نہیں، وسائل کم اور مریضوں کی تعداد زیادہ ہے۔مصطفی کمال نے تشویش ظاہر کی کہ دنیا کی ختم شدہ بیماریاں آج بھی پاکستان میں موجود ہیں، پولیو اب صرف دو ممالک میں باقی ہے اور ان میں پاکستان بھی شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہر سال 11 ہزار مائیں حمل کے دوران زندگی کی بازی ہار جاتی ہیں جب کہ سروائیکل کینسر کے باعث تقریبا 5 ہزار خواتین متاثر اور 3 ہزار خواتین جان کی بازی ہار جاتی ہیں۔ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کے حوالے سے وزیر صحت نے بتایا کہ 9 سے 14 سال کی بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچا ئوکی ویکسین لگائی جائے گی تاکہ آنے والی نسلوں کو مہلک بیماری سے محفوظ بنایا جا سکے۔مصطفی کمال نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنی بچیوں کو مہم کے دوران سروائیکل کینسر سے بچا ئوکی ویکسین ضرور لگوائیں اور حکومت کی اس کوشش میں بھرپور تعاون کریں۔