وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے 12 روزہ انسدادِ سروائیکل کینسر ویکسینیشن مہم کا افتتاح کردیا

یہ مہم 15 ستمبر سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی ،دائرہ کار پنجاب، سندھ، اسلام آباد اور آزاد کشمیر تک وسیع کیا گیا

پیر 15 ستمبر 2025 22:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے 12 روزہ انسدادِ سروائیکل کینسر ویکسینیشن مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، یہ مہم 15 ستمبر سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی اور اس کا دائرہ کار پنجاب، سندھ، اسلام آباد اور آزاد کشمیر تک وسیع کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے بھرپور اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے، 9 سے 14 سال کی بچیوں کے لیے یہ ویکسینیشن مہم اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔

انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنی بچیوں اور بہنوں کو اس موذی مرض سے بچانے کے لیے ویکسین لازمی لگوائیں۔مصطفی کمال نے کہا کہ بدقسمتی سے سروائیکل کینسر ویکسین کے حوالے سے جھوٹا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

(جاری ہے)

والدین کسی منفی یا بے بنیاد مہم کا شکار نہ ہوں اور 9 سے 14 سال کی بچیوں کو ضرور ویکسین لگوائیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی بیٹیوں کے محفوظ مستقبل کے لیے اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی،تمام ماؤں سے گزارش ہے کہ وہ اپنی بیٹیوں کی صحت اور زندگی کو فوقیت دیں۔

ہمارا کام آگاہی دینا ہے اور ہم اپنی ذمے داری بخوبی نبھا رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 5 ہزار خواتین سروائیکل کینسر میں مبتلا ہوتی ہیں، جن میں سے 3 ہزار سے زائد اپنی جان کی بازی ہار جاتی ہیں، یہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے جس کا حل صرف بروقت ویکسینیشن میں ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام 1166 پر کال کرکے ویکسینیشن ٹیم کو گھر بلا سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر صحت نے صحتِ عامہ کے دیگر چیلنجز کا بھی ذکر کرتا ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے جہاں پولیو تاحال ختم نہیں ہوا،سالانہ 64 ہزار والدین اپنے بچوں کو پولیو ویکسین پلانے سے انکار کر دیتے ہیں، جو ایک خطرناک رجحان ہے۔ہر سال تقریباً 11 ہزار خواتین زچگی کے دوران جان کی بازی ہار جاتی ہیںملک میں بیماریاں بڑھ رہی ہیں، اور صرف اسپتال بنانے سے مسائل کا حل ممکن نہیں،پاکستان میں 68 فیصد بیماریوں کی بنیادی وجہ آلودہ پانی ہے ہمیں سیوریج کے ٹریٹمنٹ کے نظام کی بہتری کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کرنا ہو گی ڈینگی کی روک تھام کے لیے بھی حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے، تاہم عوام کو چاہیے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تاکہ ان بیماریوں سے بچا جا سکے۔

وزیر صحت نے ایک بار پھر والدین اور بچیوں سے درخواست کی آپ اس مہم کی کامیابی کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں حکومت کا پیغام پھیلائیں سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی مہم آپ بھی بھر پور آگاہی دیں۔