Live Updates

حکومت لائیو اسٹاک کی بحالی کیلئے جانور درآمد کرے ، خادم حسین

پیر 15 ستمبر 2025 21:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 ستمبر2025ء)فاؤنڈرز گروپ کے سرگرم رکن، پاکستان اسٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن، سینئر نائب صدر فیروز پور روڈ بورڈ اور سابق ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم حسین نے کہا ہے کہ ابتدائی تخمینوں کے مطابق حالیہ سیلاب سے مجموعی اقتصادی نقصان 1.4 سے 2 ارب ڈالر کے درمیان ہے۔ان کے مطابق رواں مالی سال میں مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو میں 0.3 سے 0.5 فیصد کمی کا خدشہ ہے جبکہ آئندہ سہ ماہی میں اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں 3 سے 5 فیصد اضافہ متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ شدید بارشوں اور سیلاب سے پنجاب اور سندھ میں انفراسٹراکچر کو بھاری نقصان پہنچا ہے جس کی بحالی کے لیے اربوں روپے درکار ہیں۔ اگرچہ حکومتی وزراء خود انحصاری کے دعوے کر رہے ہیں لیکن سخت مالی حالات کے باعث پاکستان کو بیرونی امداد اور مزید قرضوں پر انحصار کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

خادم حسین کا کہنا تھا کہ سیلاب سے ترقی کی رفتار سست ہونے اور علاقائی سطح پر غیر مساوی ترقی کے امکانات بڑھ گئے ہیں، اس لیے حکومت کو سنجیدگی سے منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔

انہوں نے تجویز دی کہ لائیو اسٹاک کے نقصانات کی تلافی نقد امداد سے نہیں بلکہ بیرون ممالک سے اچھی نسل کے دودھ اور گوشت والے جانور درآمد کر کے کسانوں میں تقسیم کرنے سے کی جائے، جس سے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں نمایاں بہتری آئے گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات