صرف جمہوریت ہی ملک کی سلامتی اور استحکام کی ضمانت ہے، پیپلز پارٹی جمہوریت کے پرچم کو ہمیشہ بلند رکھے گی، سید نیر حسین بخاری

پیر 15 ستمبر 2025 21:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 ستمبر2025ء) سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹینز سید نیر حسین بخاری نے تمام جمہوری قوتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوے کہا ہے صرف جمہوریت ہی ملک کی سلامتی اور استحکام کی ضمانت ہے اور پیپلز پارٹی جمہوریت کے پرچم کو ہمیشہ بلند رکھے گی۔عالمی یوم جمہوریت پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید بینظیر بھٹو اور دیگر جمہوری رہنماؤں نے ملک میں جمہوریت کی بقا کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صرف جمہوریت ہی ملک کی سلامتی اور استحکام کی ضمانت ہے اور پیپلز پارٹی جمہوریت کے پرچم کو ہمیشہ بلند رکھے گی۔ نیر بخاری نے کہا کہ پارٹی کے بانی چیرمین ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو طاقت کا اصل سرچشمہ قرار دیا تھا اور پیپلز پارٹی آئینی، معاشی، اور انسانی حقوق کی حفاظت میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو نے آمرانہ رویوں کا خاتمہ کیا، صدر آصف زرداری نے پارلیمانی اختیارات کو مضبوط کیا، اور چیرمین بلاول بھٹو زرداری کی کوششوں سے 26 ویں آئینی ترمیم کا نفاذ عمل میں آیا، جو جمہوریت کے استحکام کا مظہر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی آئین کی بالادستی، خودمختار پارلیمنٹ، اور مضبوط جمہوریت کی ترویج کے لیے ہمیشہ سرگرم عمل ہے اور قوم کو چاہیے کہ وہ جمہوریت کے لیے پگڈنڈیوں، اذیتوں، اور قربانیوں کو یاد رکھے اور ان سے سبق حاصل کرے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کے تحفظ اور فروغ کے لیے ہر میدان میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔