قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں بی ایس سول انجینئرنگ پروگرام میں داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد، طلبہ کی شرکت قابل دید

پیر 15 ستمبر 2025 19:28

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی نے گلگت بلتستان میں تکنیکی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کیمپس میں بی ایس سول انجینئرنگ پروگرام کا آغاز کر دیا۔ وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ کی متحرک قیادت میں یونیورسٹی نے پاکستان انجینئرنگ کونسل (PEC) سے اس پروگرام کے لیے باقاعدہ این او سی حاصل کیا ہے۔

جس کے تحت جامعہ کی فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں بی ایس مائننگ انجینئرنگ، بی ایس الیکٹریکل انجینئرنگ ٹیکنالوجی اور بی ایس سول انجینئرنگ ٹیکنالوجی میں میرٹ کی بنیاد پر داخلے کو یقینی بنانے کے لیے داخلے کے خواہشمند طلباء کے لیے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیاگیا۔

(جاری ہے)

یہ امتحان انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کیمپس میں منعقد ہوا جو خطے میں معیاری تعلیم اور تحقیق کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔

اس موقع پر وائس چانسلرکے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے امتحانی ہالز کا دورہ کیا اور فیکلٹی و سٹاف کی محنت اور شاندار انتظامات کی تعریف کی۔ انہوں نے شفاف اور منظم امتحانی عمل کو یقینی بنانے کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے لیے اپنا وژن بھی شیئر کیا،جس میں اسے قومی اور عالمی سطح پر ایک نمایاں ادارہ بنانا شامل ہے۔

انہوں نے فیکلٹی پر زور دیا کہ وہ جدید لیبارٹریز کو گلگت بلتستان میں کمرشل ٹیسٹنگ سروسز کے لیے استعمال کریں تاکہ خطے میں بنیادی ڈھانچے اور مائینگ کے منصوبوں کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد جدت اور عمدگی کو فروغ دینا ہے تاکہ ہمارے فارغ التحصیل خطے اور اس سے باہر کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کریں۔امتحانی ہالز کے دورے کے بعد انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبوں کے فیکلٹی اور سٹاف کے ساتھ ہونے والی اجلاس میں وائس چانسلر نے ٹیم ورک، اعلیٰ معیاری تدریس اور جدید تحقیق کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے فیکلٹی سے کہا کہ وہ مل کر کام کریں تاکہ جامعہ قراقرم کو انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ایک نمایاں مرکز بنایا جا سکے۔