ہنٹنگ اینڈ سپورٹنگ کے چاقووں اور تلواروںکی برآمدات کو 100 ملین ڈالر تک پہنچانے کیلئے تمام تر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔سقراط امان رانا

پیر 15 ستمبر 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی وزیر اعظم پاکستان اور معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار کی قیادت میں ایس ایم ای سیکٹر کی برآمدات کو فروغ دینے کیلئے صنعتی شعبوں کی برآمدی استعداد کو بڑھانے کیلئے خصوصی پروگرام متعارف کروا رہی ہے۔ سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سقراط امان رانا نے پیر کو سمیڈا کے صدر دفتر میں ہنٹنگ اینڈ سپورٹنگ نائفز، سورڈز اینڈ اسیسریز ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران یقین دہانی کرائی کہ انکے شعبہ کی برآمدات کو 13۔

5 ملین ڈالر سے بڑھا کر 100 ملین تک پہنچانے کیلئے درکار تمام تر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے چیئرمین ندیم احمد وڑائچ کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سمیڈا کے سینئر افسران بھی سی ای او سمیڈا کے ہمراہ تھے۔سی ای او سمیڈا نے کہا کہ ایس ایم ای ڈویلپمنٹ کے ذریعے برآمدات اور روزگار کو فروغ دینا موجودہ حکومت اور وزیر اعظم شہباز شریف کی اولین ترجیح ہے۔

سمیڈا اس سلسلے میں حکومت کے مقرر کردہ اہداف کے حصول کے لیے بھرپور کوشش کر رہا ہے، انہوں نے کہا اور شکار اور کھیلوں کے چاقو اور تلواروں کی تیاری کے شعبے میں برآمدات کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔ انہوں نے ایسوسی ایشن کے ساتھ سیکٹر پروفائل، کلسٹر ڈاکیومینٹری، ای کامرس کے تربیتی پروگراموں اور پیداواری عمل کو بہتر بنانے کے لیے تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔

سقراط رانا نے بتایا کہ سمیڈا نے ایس ایم ای سیکٹر کی برآمدی صلاحیتوں کو بڑھانے کیلئے ای سپورٹ پروگرام اور ایکسپورٹ ریڈی نیس پروگرام سمیت متعدد نئے پروگرام مکمل کرلیے ہیں۔ تاکہ ایس ایم ای سیکٹر کو قومی برآمدات میں زیادہ سے زیادہ حصہ ڈالنے کے قابل بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام شکار اور کھیل کی تلواریں بنانے کے شعبے کے لیے بھی یکساں مددگار ثابت ہوں گے۔قبل ازیں ہنٹنگ اینڈ اسپورٹنگ نائوز سوورڈز اینڈ اسیسریز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ندیم احمد وڑائچ نے ایک پریزنٹیشن میں بتایا کہ اگر حکومت مدد کرے تو شکار اور کھیلوں کے چاقو کی برآمدات 13.5 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 100 ملین ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں۔