نیو حب کینال مٹی تلے دفن، 12 ارب روپے ضائع کر دیے گئے، پی ٹی آئی کراچی

پی ٹی آئی کا علامتی جنازہ اور قبر بنا کر نیو حب کینال منصوبے کے خلاف احتجاج ، نیو حب کینال منصوبے پر آزاد کمیشن بنانے کا مطالبہ

پیر 15 ستمبر 2025 22:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)پاکستان تحریک انصاف نے میئر کراچی مرتضی وہاب کے نیو حب کینال بحال ہونے کے دعوں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیو حب کینال کو بحال کرنے کے بجائے مٹی تلے دفن کر دیا گیا ہے، جبکہ پیپلزپارٹی نے 12 ارب روپے کی کرپشن چھپانے کے لیے اس منصوبے کو ضائع کر دیا ہے۔پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری ارسلان خالد، کراچی ڈویزن کے رہنما امیر حمزہ، فوزیہ صدیقی، را اعظم سمیت دیگر رہنماں نے نیو حب کینال کا دورہ کیا۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنماں نے کینال کا علامتی جنازہ نکالا، قبر بنا کر احتجاج ریکارڈ کرایا اور عوام کو اصل صورتحال سے آگاہ کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارسلان خالد نے کہا کہ میئر کراچی جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

آج کے دورے میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ پرانی اور نئی دونوں کینال موجود ہیں، لیکن اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی نئی کینال خشک، ٹوٹی پھوٹی اور مٹی تلے دبی ہوئی ہے جبکہ پانی صرف پرانی کینال کے ذریعے فراہم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 12 ارب روپے عوام کے ٹیکس کا پیسہ اس ناکام منصوبے کے ساتھ دفن ہو چکے ہیں اور پرانی کینال پر محض چونا اور پلستر کر کے کرپشن چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اپنی کرپشن چھپانے کے لیے نئی کینال کو منوں مٹی میں دبا دیا اور پرانی کینال کو جزوی طور پر مرمت کر کے پانی کی فراہمی بحال کی گئی، جو پہلے ہی کئی سالوں سے جاری تھی۔

پیپلزپارٹی کا 100 ملین گیلن یومیہ پانی فراہم کرنے کا دعوی محض جھوٹا نعرہ ثابت ہوا، جبکہ عوام کے 12 ارب روپے ہڑپ کر لیے گئے۔ترجمان پی ٹی آئی کراچی فوزیہ صدیقی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی کرپشن نے شہر کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 12 ارب روپے کی لاگت سے منصوبہ 9 ماہ میں مکمل کرنے اور 13 اگست کو اس کا افتتاح کرنے کا دعوی کیا گیا تھا، مگر 9 ستمبر کی بارشوں نے اس منصوبے میں ہونے والی کرپشن کو بے نقاب کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹے بیانات دے کر عوام کو مزید گمراہ نہیں کیا جا سکتا، میڈیا اور عوام خود دورہ کر کے دیکھ سکتے ہیں کہ نئی کینال خشک اور ناکارہ ہے۔پی ٹی آئی کراچی ڈویژن نے مطالبہ کیا ہے کہ 12 ارب روپے کے اس منصوبے پر ہونے والی کرپشن کی تحقیقات کے لیے ایک آزاد کمیشن بنایا جائے۔ رہنماں نے اعلان کیا کہ پی ٹی آئی اس معاملے پر عدالت سے رجوع کرے گی اور عوام کے ٹیکس کا پیسہ کرپشن کی نذر نہیں ہونے دے گی۔