مقبوضہ کشمیر، ہائیکورٹ نے پولیس کو معراج ملک کیخلاف چارج شیٹ دائر کرنے سے روک دیا

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت 31اکتوبر تک ملتوی کر دی

منگل 16 ستمبر 2025 16:37

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہائی کورٹ نے پولیس کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار ڈوڈہ کے ایم ایل اے معراج ملک کے خلاف چارج شیٹ دائر کرنے سے روک دیا ہے اورمزید تحقیقات کی ہدایت کی ہے ۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق معراج ملک کے خلاف دانستہ حملے ، سرکاری ملازم کو کام سے روکنے اور دیگر دفعات کے تحت دائر مقدمے کی سماعت ہائی کورٹ کے جج جسٹس راجیش سیکھری نے کی۔

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت 31اکتوبر تک ملتوی کر دی ۔ اس سے قبل، ڈوڈہ کی ضلعی انتظامیہ نے معراج ملک کے خلاف ایک ڈوزیئر تیار کیا تھا، جس میں دعوی کیا گیا تھا کہ ایم ایل اے نے مبینہ طور پر فرقہ وارانہ اور علاقائی تقسیم پیدا کرنے کی غرض سے’’آپریشن سندور‘‘کے دوران سرکاری اہلکاروں کو دھمکایا تھا۔ڈوزیئر میں معراج ملک کو عادی مجرم بھی قرار دیا گیاہے۔